کاروا ر 10؍نومبر(ایس اونیوز) ضلع شمالی کینراسے گزرنے والے نیشنل ہائی ویزکے توسیعی منصوبوں کا کام بارش کے موسم کے بعد ابھی تک دوبارہ شروع نہیں ہوا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ حکومت کی طرف سے تعمیری کام کے منصوبہ جات کے مطابق فنڈ جاری نہیں کیا گیا ہے اور اس وجہ دوبارہ کام شروع کرنے میں تاخیر کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ ضلع شمالی کینرا سے پنجی منگلورو ہائی وے، ہوناور ٹمکورو اور انکولہ ہبلی جیسے نیشنل ہائی ویز گزرتے ہیں ۔ فی الحال نیشنل ہائی وے 66کی توسیع کے لئے نیشنل ہائی وے ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ جبکہ دیگر دونیشنل ہائی ویز بھی اسی شعبے میں دئے گئے ہیں۔ مزید نئے نیشنل ہائی ویز کا اعلان تو کیاگیا ہے مگر اس کے لئے فنڈ جاری نہیں کیے گئے ہیں۔
ایک الزام یہ لگایا جارہا ہے کہ ریاستی حکومت کے پی ڈبلیو ڈی محکمہ سے نیشنل ہائی ویز کی تعمیرات کے لئے جو فنڈس جاری ہونے چاہئیں،اس میں وزیر ریونّا کی طرف سے پورا تعاون نہیں مل رہا ہے ۔ وہ اپنے پسندیدہ علاقوں کے لئے ضروری فنڈس جاری کررہے ہیں اور بقیہ علاقوں میں فنڈ کی کمی ہونے کی بات کہہ کر کام میں تاخیر کا سبب بن رہے ہیں۔